کوہاٹ پولیس لائنز حملہ: ملوث دہشتگرد نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا گیا

کاشف عزیز

پشاور: کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، تفتیشی حکام کے مطابق سی ٹی ڈی کی جوائنٹ ٹیم نے حملے میں ملوث دہشتگرد نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دو دہشتگرد تنظیموں نے باہمی طور پر مل کر کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا۔ حملہ آوروں کا مقصد سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ سے اپنے ساتھیوں کو چھڑانا تھا۔

تحقیقاتی ٹیم کے مطابق دہشتگردوں نے کارروائی سے قبل کوہاٹ میں کچھ دن قیام کیا۔ جن افراد نے مبینہ طور پر دہشتگردوں کو رہائش فراہم کی، ان کے مکان پر چھاپہ بھی مارا گیا۔

حکام کے مطابق چھاپے کے دوران متعدد گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں، جبکہ تفتیش کے لیے اہم شواہد بھی اکٹھے کیے گئے ہیں۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والے خودکش حملہ آور کی گاڑی کا ڈیٹا اور دیگر تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں، جن کی مدد سے تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملہ، مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج

حکام کے مطابق پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے منصوبے کو ناکام بنایا۔

تفتیش میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ دہشتگردوں نے گزشتہ سال بھی کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم حملے سے قبل ہی دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

تفتیشی حکام کے مطابق موجودہ حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد تک پہنچنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

Scroll to Top