ٹک ٹاک نے پاکستانیوں کی لاکھوں ویڈیوز بغیر وارننگ ڈیلیٹ کردیں

اسلام آباد:  شارٹ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں پاکستان سے 2 کروڑ 54 لاکھ 48 ہزار 992 ویڈیوز کو اپنے ضوابط کی خلاف ورزی پر حذف کر دیا ہے۔

یہ انکشاف ٹک ٹاک کی جانب سے جاری کردہ سہ ماہی کمیونٹی گائیڈلائنز انفورسمنٹ رپورٹ میں کیا گیا، جس کے مطابق اپریل تا جون 2025 کے دوران پاکستان میں پلیٹ فارم پر ناپسندیدہ اور خلافِ اصول مواد کے خلاف کارروائی میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہٹائی گئی ویڈیوز کی 99.7 فیصد نشاندہی فعال طریقے سے کی گئی، جبکہ 96.2 فیصد ویڈیوز کو اپلوڈ ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دیا گیا۔

اسی عرصے میں ٹک ٹاک نے دنیا بھر سے تقریباً 19 کروڑ ویڈیوز ڈیلیٹ کیں، جو کل اپلوڈ کیے گئے مواد کا 0.7 فیصد بنتا ہے۔

ان میں سے 1 کروڑ 63 لاکھ سے زائد ویڈیوز خودکار نظام کی مدد سے فوراً ہٹائی گئیں، جبکہ 74 لاکھ سے زائد ویڈیوز صارفین کی شکایات پر نظرثانی کے بعد دوبارہ بحال بھی کی گئیں۔

ٹک ٹاک نے بتایا کہ پلیٹ فارم کی شفافیت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسی سہ ماہی میں 7 کروڑ 69 لاکھ جعلی اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا گیا۔

اس کے علاوہ 25 لاکھ سے زائد ایسے اکاؤنٹس بھی حذف کیے گئے جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر بچوں کے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : اگر ضرورت پڑی تو اسرائیل کو غزہ میں دوبارہ بھیج کر حماس ختم کروا دوں گا، ٹرمپ

رپورٹ کے مطابق حذف کیے گئے عالمی کانٹینٹ میں سے 30.6 فیصد ویڈیوز بالغ یا حساس مواد پر مشتمل تھیں, 14 فیصد نے پلیٹ فارم کی شائستگی و سیکیورٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی, 6.1 فیصد رازداری یا سیکیورٹی ضوابط کے منافی تھیں, 45 فیصد ویڈیوز غلط معلومات پر مبنی تھیں, 23.8 فیصد مواد مصنوعی ذہانت (AI) یا ایڈیٹ شدہ میڈیا پر مشتمل تھا

ٹک ٹاک کی یہ رپورٹ اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ کمپنی دنیا بھر میں خصوصاً پاکستان جیسے حساس مارکیٹس میں کمیونٹی گائیڈلائنز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے۔

پلیٹ فارم کی جانب سے خودکار نظام اور انسانی جائزے کے امتزاج کے ذریعے صارفین کو ایک محفوظ اور ذمہ دار ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کی کوشش جاری ہے۔

Scroll to Top