افغان باشندوں کے انخلاء کے اثرات کوئٹہ کی پراپرٹی مارکیٹ پر نظر آنے لگے، قیمتوں میں نمایاں کمی ہو گئی۔
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کے مطابق کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس، سیٹلائٹ ٹاؤن، نواکلی اور پشتون آبادمیں گزشتہ چار دہائیوں سے افغان باشندے بڑی تعداد میں مکان خرید کر رہ رہے تھے۔
حکومتی فیصلے کے بعد افغان باشندے واپس افغانستان afghanistan روانہ ہو رہے ہیں اور اس موقع پر وہ خریدے گئے مکانات بھی فروخت کر رہے ہیں۔جن علاقوں میں افغان باشندے بڑی تعداد میں آباد تھے وہاں پراپرٹی کی قیمتیں 70 سے 80 فیصد تک گر گئی ہیں جبکہ سریاب روڈ، مشرقی بائی پاس، پشتون آباد اور خروٹ آباد میں پراپرٹی کی قیمتوں پر 80 سے 90 فیصد اثر پڑا ہے۔
پراپرٹی کے کاروبار سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے وسطی حصے میں جائیداد کی قیمتیں کم تو نہیں ہوئیں لیکن خرید و فروخت کم ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے پراپرٹی کا کاروبار کرنے والے پریشان ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں افغان مہاجرین کے دس کیمپ مکمل بند کر دیے گئے ہیں، یہاں سے 85 ہزار افغان باشندے واپس گئے ہیں، صوبائی دارالحکومت میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔





