خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے کوتل میں پاک افغان شاہراہ پر واقع خیبر زیڑے پولیس چیک پوسٹ پر بارودی مواد کے دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے فوری بعد فائرنگ کی اطلاعات بھی آئیں، دھماکے کے نتیجے میں چیک پوسٹ کے کمروں اور چار دیواری کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
پولیس نے موقع پر بھاری نفری پہنچا کر تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے کو سیکورٹی کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے محرکات اور اس میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے تفتیش جاری ہے۔
خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہو رہی ہے، مختلف علاقوں میں بدامنی کے واقعات بڑھنے لگے ہیں اور عوام میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل شمالی وزیرستان میں بھی بدامنی کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جہاں میر علی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی پر اچانک مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ گاڑی میں آگ لگ گئی اور گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔ واقعے کے فوراً بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو شناخت کے لیے میر علی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان، میر علی میں گاڑی پر فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی صورتحال خراب ہے، امن و امان کی خراب حالت کے باعث ہر دوسرے دن کرفیو نافذ کیا جاتا ہے، شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے اور حکام نے اضافی سیکیورٹی فورسز تعینات کر دی ہیں تاکہ حالات پر قابو پایا جا سکے۔
ادھر سیکیورٹی فورسز اندرونی اور بیرونی دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹ رہی ہیں اور انہیں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔





