شمالی وزیرستان: دو دن کے لیے کرفیو نافذ، سڑکیں بند رہیں گی

شمالی وزیرستان: خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر دو روز کے لیے سخت کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر یوسف کریم نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے عوام کو رہنما خطوط فراہم کیے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو 25 اور 26 اکتوبر کو صبح پانچ بجے سے شام سات بجے تک نافذ رہے گا۔

اس دوران ضلع بھر کی تمام مین شاہراہیں اور اہم سڑکیں عام شہریوں کے لیے بند رہیں گی، اور صرف سیکیورٹی فورسز کو نقل وحرکت کی اجازت ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران گھروں میں رہیں اور کسی بھی غیر ضروری حرکت سے گریز کریں تاکہ سیکیورٹی کے خدشات کم کیے جا سکیں۔

مزید کہا گیا کہ ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے اور ایمرجنسی سروسز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی ایل پی سیاسی جماعت نہیں، پابندی برقرار رہے گی، عظمیٰ بخاری

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرفیو کا فیصلہ ضلع میں ممکنہ سیکیورٹی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ امن و امان قائم رکھا جا سکے۔

اس دوران کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور عوامی جگہیں عارضی طور پر بند رہیں گی۔

شمالی وزیرستان کے مقامی لوگ کرفیو کے نفاذ کے بارے میں آگاہ ہیں اور سیکیورٹی حکام کے ہدایات پر عمل کرنے کے لیے تیار ہیں۔

Scroll to Top