امریکا میں اے آئی سسٹم کی غلط شناخت، طالب علم کو ہتھکڑیاں لگ گئیں

امریکا کی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں مصنوعی ذہانت کے ایک نظام نے ڈوریٹوز کے چپس کے پیکٹ کو بندوق سمجھ لیا جس کے نتیجے میں پولیس نے ایک ہائی سکول کے طالب علم کو ہتھکڑیاں لگا دیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ کین ووڈ ہائی سکول میں پیش آیا، طالب علم ٹاکی ایلن اپنے دوستوں کے ساتھ سکول کے باہر بیٹھا ناشتہ کر رہا تھا اچانک پولیس اہلکار ہتھیاروں کے ساتھ اس کے قریب آئے اور اسے زمین پر لیٹنے کا حکم دیا۔

ایلن نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آیا کہ وہ ان کی طرف کیوں آ رہے ہیں جب انہوں نے بندوقیں تانی اور کہا زمین پر لیٹ جاؤ تو وہ حیران رہ گیا۔

پولیس نے اسے گھٹنوں کے بل بیٹھنے، ہتھکڑیاں لگانے اور تلاشی لینے کا حکم دیا مگر کچھ بھی برآمد نہیں ہوا بعد میں اہلکاروں نے اسے وہ تصویر دکھائی جس نے اے آئی سسٹم کو الرٹ بھیجا تھا جس میں وہ چپس کا پیکٹ پکڑے ہوئے نظر آ رہا تھا۔

ٹاکی ایلن نے مزید کہا کہ وہ صرف ڈوریٹوز کا پیکٹ پکڑے ہوئے تھا میرے ہاتھوں کی پوزیشن سے انہوں نے سمجھا کہ میں بندوق تھامے ہوں۔

رپورٹس کے مطابق بالٹی مور کاؤنٹی کے ہائی سکولز میں گزشتہ سال ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی بندوق شناختی نظام نصب کیا گیا تھا جو سکول کیمروں کے ذریعے مشتبہ اشیاء کو دیکھ کر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صارفین میں کونسی ایپ زیادہ مقبول ہے، چیٹ جی پی ٹی یا ایکس؟

اس واقعے کے بعد سکول انتظامیہ نے والدین کو خط کے ذریعے بتایا کہ وہ اس واقعے سے متاثر طلبہ کی مدد کے لیے مشیر فراہم کر رہے ہیں، پولیس نے بھی تصدیق کی کہ جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد تلاشی لی گئی مگر کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہوا۔

طالب علم کے دادا لالا مونٹ ڈیوس نے کہا کہ کوئی والدین نہیں چاہتے کہ ان کے بچے کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آئے، کوئی بھی نہیں چاہتا۔

Scroll to Top