ریاست نے وعدے پورے نہیں کیے، ہم بھیک نہیں حق مانگتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

ریاست نے وعدے پورے نہیں کیے، ہم بھیک نہیں حق مانگتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی عوام نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں زیادہ نقصان اٹھایا، اپنے گھر بار چھوڑے اور جانیں قربان کیں، مگر آج تک ان کے زخموں پر مرہم نہیں رکھا گیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں منعقدہ امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ قبائلی عوام نے ملک کے لیے بے شمار قربانیاں دیں، مگر ریاست نے ان قربانیوں کے بدلے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ “ہم ریاست سے بھیک نہیں بلکہ اپنا حق مانگتے ہیں۔” انہوں نے واضح کیا کہ قبائلی عوام نے ہمیشہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی، مگر بعد میں بند کمروں میں بیٹھ کر کیے گئے فیصلوں نے انہیں ایسی جنگ میں دھکیل دیا جو ان کی نہیں تھی۔

جرگے میں مختلف قبائلی اضلاع کے مشران، عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ جرگہ ایک بڑے جلسے کا منظر پیش کر رہا تھا، تاہم اس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جھنڈوں کی بجائے سفید جھنڈے لہرا رہے تھے جن پر “امن” کے الفاظ درج تھے۔

سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ قبائلی اضلاع کے مستقبل سے متعلق فیصلے صوبائی حکومت، مقامی مشران اور عوام کی مشاورت سے کیے جائیں، ورنہ ایسے کسی منصوبے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top