بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ منوج تیواری کے نام سے منسوب ڈالر سستا کرنے کے ایک انوکھے معاشی فارمولے پر کانگریس کے رہنما ونے کمار ڈوکانیا نے سوشل میڈیا پر شدید طنز کیا ہےجس نے انٹرنیٹ پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ونے کمار ڈوکانیا نے بی جے پی رہنما پر نشانہ سادھتے ہوئے لکھا کہ “بھارت واقعی خوش قسمت ہے کہ یہاں اتنے جینیئس اور ذہین دماغ موجود ہیں۔”
انہوں نے اپنی پوسٹ میں ایک بیان نقل کیا جس کے مطابق بی جے پی رہنما منوج تیواری کا کہنا ہے کہ “اگر ہم ایک روپے کا استعمال بند کر دیں اور دو روپے کو ایک روپیہ سمجھنا شروع کر دیں، تو امریکی ڈالر کی قیمت خود بخود گر کر 45 بھارتی روپے پر آ جائے گی۔”
کانگریس رہنما کی اس طنزیہ پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے منوج تیواری کے اس مضحکہ خیز معاشی منطق کا شدید مذاق اڑایا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ معیشت کو اس طرح کے عجیب و غریب فارمولوں سے نہیں چلایا جا سکتا۔ یہ ٹویٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے شیئر کی جا رہی ہے اور اس پر اب تک ہزاروں صارفین اپنے دلچسپ تبصرے پیش کر چکے ہیں۔





