اسلام آباد: معروف گلوکار و اداکار فرحان سعید نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بھارت میں اپنے ایک کنسرٹ کے دوران پاکستان کے مشہور ملی نغمے دل دل پاکستان گانے کے بعد مشتعل ہجوم کے حملے سے بال بال بچ گئے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فرحان سعید نے بتایا کہ وہ اپنے میوزیکل بینڈ کے ہمراہ امن کی آشا پروگرام کے تحت بھارت کے دورے پر گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں ایک کنسرٹ کے دوران جب وہ اپنا مشہور گانا عادت گا رہے تھے تو اچانک انہوں نے دل دل پاکستان گانا شروع کردیا، جس کے بعد انہوں نے جان جان ہندوستان کہا، اور یوں پورا اسٹیڈیم گونج اٹھا۔
فرحان سعید کے مطابق کانسرٹ میں شریک تقریباً 25 سے 30 ہزار لوگ ہمارے ساتھ دل دل پاکستان اور جان جان ہندوستان گا رہے تھے، ماحول بےحد مثبت اور جوشیلہ تھا۔
گلوکار نے مزید بتایا کہ دو روز بعد کولکتہ میں ہونے والے کنسرٹ کے دوران ایک ہنگامہ خیز صورتحال پیش آئی۔
ہمارا آخری گانا ختم بھی نہیں ہوا تھا کہ آرگنائزر کے ایک رکن نے ہمیں کان میں کہا کہ فوراً گاڑی میں بیٹھ جائیں۔ ہم نے جیسے ہی گاڑی پکڑی، انہوں نے تیزی سے ہمیں وہاں سے نکال دیا۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں معلوم ہوا کہ 300 سے 400 مشتعل افراد کنسرٹ کے بعد ہمیں نقصان پہنچانے کے لیے جمع ہو گئے تھے، کیونکہ وہ سمجھ بیٹھے تھے کہ میں نے جا جا ہندوستان کہا ہے، حالانکہ میں نے جان جان ہندوستان کہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات ناکام، وزیراطلاعات نے وجوہات بتا دیے
فرحان سعید نے بتایا کہ ہوٹل پہنچنے پر آرگنائزر بھی خفا تھے اور کہہ رہے تھے کہ ہم نے آپ کے لیے اتنا بڑا شو کیا، ہزاروں لوگ بلائے، لیکن آپ نے اسٹیج پر دل دل پاکستان، جا جا پاکستان کہہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں ہم نے وضاحت دی کہ ہم نے جان جان ہندوستان کہا تھا، لیکن لوگوں نے غلط سنا۔
آخر میں گلوکار نے کہا کہ اس واقعے کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ آئندہ کسی بھی ملک میں سیاسی یا قومی نوعیت کے گانے احتیاط سے ہی پیش کریں گے۔





