خیبرپختونخوا میں نئی کابینہ کی تشکیل، دو مرحلوں میں بڑے اضلاع کو نمائندگی، ممکنہ ناموں کی فہرست سامنے آ گئی
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں نئی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور کابینہ کو دو مرحلوں میں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 8 سے 10 وزراء کا انتخاب کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 10 سے 14 اراکین کابینہ میں شامل کیے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں بڑے اضلاع سے ایک ایک رکن کو نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ممکنہ ناموں میں پشاور سے مینا خان، خیبر سے عدنان قادری، کوہاٹ سے آفتاب عالم، نوشہرہ سے خلیق الرحمان، ہری پور سے ارشد ایوب، صوابی سے عاقب اللہ خان اور ایبٹ آباد سے نظیر احمد عباسی شامل ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے تمام مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور باقاعدہ اعلان آج متوقع ہے۔ اگر آج اعلان نہ کیا گیا تو سینیٹ الیکشن کے بعد کل شام تک ہر صورت کابینہ کا اعلان کر دیا جائے گا۔
نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد حکومت کی کارکردگی اور صوبائی پالیسیوں پر عوام اور سیاسی حلقوں کی توجہ مرکوز ہوگی۔





