بادام، اخروٹ اور کاجو،دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار

امریکا میں کی جانے والی ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ گریاں جیسے بادام، اخروٹ اور کاجو کھانے والے افراد میں دل کی بیماریوں بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سے موت کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہوتا ہے۔

لوما لنڈا یونیورسٹی کی تحقیق میں 80 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جو 2002 سے 2007 کے درمیان امریکا اور کینیڈا میں غذائی سرویز کا حصہ تھے۔ نتائج کے مطابق گریوں کا زیادہ استعمال دل کی بیماریوں سے موت کے خطرے کو 17 سے 27 فیصد تک گھٹا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گورنرفیصل کریم کنڈی سے وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ملاقات،این ایف سی ایوارڈ پر مشاورت

محققین نے کہا کہ دنیا بھر میں دل کی بیماریوں کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات ہوتی ہیں اور اگرچہ ادویات موجود ہیں، مگر مناسب غذا کے ذریعے ان کے اثرات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ گریوں میں موجود میگنیشیم، فائبر اور وٹامنز بلڈ پریشر اور جسم میں ورم کو کم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں، جو دل کی شریانوں کو صحت مند رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سابق وزیرِ اعظم کو ملاقات کے حق سے محروم رکھنا آئین کی خلاف ورزی ہے، اسد قیصر

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ اگر گریوں کے استعمال کے ساتھ سرخ گوشت کم کیا جائے تو دل کی بیماریوں سے موت کا خطرہ 35 سے 44 فیصد تک گھٹ سکتا ہے۔

محققین نے زور دیا کہ ہر ہفتے مناسب مقدار میں گریاں کھانا دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے، اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایل پی جی سستی ہو گئی، قیمت میں 5 روپے 88 پیسے فی کلو کمی

یہ تحقیق جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئی۔

Scroll to Top