اسلام آباد: وفاقی ملازمین کےلیے خوشخبری، ہاؤس رینٹ سیلنگ میں 85 فیصد اضافہ

اسلام آباد: وفاقی ملازمین کےلیے خوشخبری، ہاؤس رینٹ سیلنگ میں 85 فیصد اضافہ

وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کو مہنگائی اور بڑھتے کرایوں سے ریلیف دینے کے لیے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں 85 فیصد اضافہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی کابینہ نے سمری سرکولیشن کے ذریعے یہ اضافہ منظور کیا، جو گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام وفاقی ملازمین پر اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں نافذ ہوگا۔ اس اقدام سے قومی خزانے پر تقریباً 12 ارب روپے کا اثر پڑے گا۔

وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے تجویز دی تھی کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور کرایوں میں اضافے کے پیشِ نظر رینٹل سیلنگ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے، کیونکہ شہری علاقوں میں موجودہ الاونس کے ساتھ ملازمین کے لیے مناسب رہائش حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ آخری بار رینٹل سیلنگ میں ترمیم 28 ستمبر 2021 کو کی گئی تھی۔

فنانس ڈویژن نے بھی 85 فیصد اضافے کی حمایت کی، جس کے مطابق ملازمین اب مارکیٹ ریٹس کے قریب الاونس حاصل کر سکیں گے اور مالی دباؤ کم ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے وزارت کی سفارش پر رول 17(1)(b) کے تحت کابینہ سے منظوری حاصل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

نئی رینٹل سیلنگ کے اطلاق کے بعد وفاقی ملازمین کو نہ صرف اضافی مالی سہولت ملے گی بلکہ سرکاری رہائش گاہوں کی کمی کے باعث اپنی جیب سے اضافی خرچ کرنے کا بوجھ بھی کم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : سرکاری ملازمین کتنے ماہ کی تنخواہ ایڈوانس لے سکتے ہیں؟ محکمہ خزانہ کی وضاحت جاری

حکومت نے کہاہے کہ وفاقی سرکاری ملازمین ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس کے لیے درخواست دینے پر اپنی تنخواہوں کے مطابق ایڈوانس حاصل کر سکتے ہیں۔

گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین 36 ماہانہ تنخواہوں کے برابر اور گریڈ 17 اور اس سے زائد کے ملازمین 24 ماہانہ تنخواہوں کے برابر ایڈوانس لے سکیں گے۔

وزارت خزانہ کے جاری کردہ وضاحتی آفس میمورنڈم میں بتایا گیا ہے کہ گریڈ 1 سے 16 تک کے وفاقی ملازمین “سرکاری اہلکار” جبکہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین “افسران” کے زمرے میں آتے ہیں۔

میمورنڈم کے مطابق جب بھی وفاقی سرکاری ملازمین ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس کے لیے درخواست دیں گے تو انہیں فیڈرل گورنمنٹ ریسٹس اینڈ پیمنٹ رولز 2025 کے مطابق ایڈوانس فراہم کیا جائے گا۔

مذید بتایا گیا ہےکہ مذکورہ قانون کے تحت سرکاری اہلکار 36 ماہانہ تنخواہوں کے برابر جبکہ سرکاری افسران 24 ماہانہ تنخواہوں کے برابر رقم بطور ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس حاصل کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top