کاشف الدین سید
پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس موقع پر سینیٹر ایمل ولی خان کو اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے وزیراعلیٰ کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی مشاورت کے بعد آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ گذشتہ روز سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی بابرسلیم سواتی کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی اسمبلی کی سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔
اجلاس میں وزیراعلی سہیل آفریدی اور اپوزیشن لیڈر ڈاکٹرعبادللہ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : گورنرفیصل کریم کنڈی سے وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ملاقات،این ایف سی ایوارڈ پر مشاورت
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے ملاقات کی۔
گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور صوبے کی ترقی و خوشحالی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر اور وزیراعلیٰ نے این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کے حقوق کے حوالے سے مشاورت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاق سے صوبے کے جائز حقوق کے حصول کے لیے باہمی تعاون اور یکجہتی کے ساتھ کردار ادا کیا جائے گا۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے اور عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر ایک مؤثر اور مشترکہ آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ باہمی اتحاد و ہم آہنگی کے ذریعے خیبرپختونخوا کو ترقی یافتہ، خوشحال اور پرامن صوبہ بنایا جائے گا۔





