چین ہمارا دوست اور شراکت دار ملک ہے، سی پیک پاکستان کی ترقی کا مظہر ہے، صدر زرداری

چین ہمارا دوست اور شراکت دار ملک ہے، سی پیک پاکستان کی ترقی کا مظہر ہے، صدر زرداری

صدر زرداری کا یومِ آزادی گلگت بلتستان پر اہم خطاب، چین کو مضبوط شراکت دار قرار، سی پیک پاکستان کی ترقی کا مظہر

تفصیلات کے مطابق صدرمملکت آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کے یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین ہمارا آزمودہ دوست اور مضبوط شراکت دار ملک ہے، اور سی پیک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا مظہر ہے۔ صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان میرا گھر ہے اور یہاں کے عوام کی بہادری اور قربانیوں کو ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

صدر زرداری نے کہا کہ یکم نومبر 1947 کو گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے قربانیوں کے ذریعے آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت کے لحاظ سے دنیا میں منفرد مقام رکھتا ہے اور یہاں کے عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ گلگت بلتستان کی اپنی ایئر لائن ہو تاکہ سیاحت اور تجارت کو مزید فروغ مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے پہاڑ معدنیات سے مالا مال ہیں اور یہاں کے عوام ملکی ترقی میں کندھے سے کندھا ملا کر کام کر رہے ہیں۔ صدر زرداری نے بھارت میں مسلمانوں پر جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت ہے، اور وہاں کے عوام طویل عرصے سے بھارتی ظلم و ستم کا شکار ہیں۔

صدر نے مزید کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کی طرح ترقی یافتہ دیکھنا چاہتی ہے تاکہ عوام خوشحال اور ملک کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکیں۔

اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی گلگت بلتستان کے عوام اور پوری قوم کو یومِ آزادی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یکم نومبر 1947 کو گلگت بلتستان کے عوام نے جرات، اتحاد اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا تاریخی فیصلہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے پُرعزم ہے۔ سیاحت، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور تعلیم کے شعبوں میں جاری منصوبے علاقے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔ شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ گلگت بلتستان اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔

Scroll to Top