اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے شناختی کارڈ گھر بیٹھے بنوانے کی سروس شروع کر دی ہے۔
نادرا کے مطابق اب پاکستانی شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول کے لیے نادرا دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
جدید آن لائن نظام کے ذریعے شہری گھر بیٹھے پاک آئی ڈی (Pak-ID) ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے نیا، تجدید شدہ یا معلومات میں تبدیلی والا شناختی کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ شہری چند آسان مراحل میں آن لائن فارم پُر کر کے، بائیومیٹرک تصدیق کے بعد فیس ادا کریں گے، جس کے بعد کارڈ براہِ راست ان کے گھر پہنچا دیا جائے گا۔
یہ سہولت خاص طور پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے انتہائی مفید قرار دی جا رہی ہے، جنہیں نادرا دفاتر تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اعلیٰ تعلیم میں سنگ میل: آٹھ پاکستانی جامعات بین الاقوامی رینکنگ میں شامل
نادرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو لمبی قطاروں، دفتری چکروں اور وقت کے ضیاع سے بچانا ہے۔
نادرا کے چیئرمین نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کو ڈیجیٹل سروسز کے نئے دور میں داخل کر رہا ہے۔
آن لائن شناختی کارڈ سروس سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ عوام کا ادارے پر اعتماد بھی مزید مستحکم ہوگا۔





