مسلسل پانچ ہفتوں تک بڑھتی ہوئی مہنگائی کی لہر کے بعد قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 18 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 12 اشیاء سستی ہوئیں اور 21 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق، انڈے فی درجن 8 روپے 33 پیسے، بڑا گوشت 10 روپے 66 پیسے، چھوٹا گوشت 2 روپے 52 پیسے فی کلو اور جلانے والی لکڑی 22 روپے 56 پیسے فی من مہنگی ہوئی۔
اسی طرح 20 کلو آٹے کا تھیلا 7 روپے 39 پیسے مہنگا ہو کر اوسطاً 2 ہزار 195 روپے 81 پیسے میں فروخت ہوا۔ کیلے 2 روپے 86 پیسے فی درجن اور گھی کے اڑھائی کلو کے ٹن کی قیمت میں بھی 2 روپے 37 پیسے اضافہ ہوا۔
دوسری جانب، ٹماٹر، پیاز، لہسن، زندہ مرغی، چینی اور مختلف دالوں سمیت 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر فی کلو 66 روپے 21 پیسے، پیاز 8 روپے 49 پیسے، لہسن 13 روپے اور زندہ مرغی 2 روپے 21 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 4.18 فیصد تک آ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک میں آج سونے کی فی تولہ قیمت کیا رہی؟
پاکستان میں آج سونے اور چاندی کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4,007 ڈالر پر بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رہی جس کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی نظر آئے۔
جمعہ کے روز 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 23 ہزار 62 روپے کی سطح پر برقرار رہی جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 3 لاکھ 62 ہزار 707 روپے پر مستحکم رہی۔
چاندی کی قیمت میں بھی استحکام رہا، فی تولہ چاندی 5 ہزار 112 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 4 ہزار 382 روپے کی سطح پر بغیر کسی تبدیلی کے رہی۔
واضح رہے کہ جمعرات کے روز عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں دو روز کی کمی کے بعد سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔





