پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور کے پجگہی روڈ پر واقع پناہ گاہ کا اچانک دورہ کیا اور وہاں مقیم افراد سے ملاقات کر کے ان کے مسائل و احوال دریافت کیے۔
وزیر اعلیٰ نے پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور دسترخوان پر بیٹھ کر خود کھانا بھی کھایا۔
اس موقع پر سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں 10 فعال پناہ گاہیں عوام کو سہولت فراہم کر رہی ہیں جبکہ 11ویں پناہ گاہ افتتاحی مراحل میں ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضرورت کے مطابق صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی نئی پناہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔
مقیم افراد کی جانب سے پناہ گاہوں میں مزید سہولیات اور خواتین کے لیے علیحدہ پناہ گاہ قائم کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔
وزیر اعلیٰ نے پناہ گاہوں کے لیے تمام درکار فنڈز فوری طور پر فراہم کرنے کا حکم دیا اور واضح کیا کہ فنڈز کی کمی عوامی فلاحی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔
انہوں نے نگران دور حکومت میں بند کیے گئے فنڈز کا مکمل ازالہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی عروشہ سعید نے چھٹے اسلامی یکجہتی گیمز میں کانسی کا تمغہ جیت لیا
سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ وژن عمران خان کا ہے، جس کے تحت عام آدمی کو بنیادی سہولیات تک رسائی دی جا رہی ہے۔
پناہ گاہوں میں مسافروں، تیمارداروں اور مزدوروں کو مفت قیام و طعام کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، تاکہ ضرورت مند افراد کو بہترین سہولت میسر ہو۔





