انسداد دہشت گردی عدالت کا اہم اقدام، شیخ وقاص اکرم کے وارنٹ گرفتاری جاری، عمر ایوب اور زرتاج گل کے پاسپورٹس بلاک۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤںشیخ وقاص اکرام ،عمر ایوب اور زرتاج گل کے خلاف 26 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کے حوالے سے مقدمات کی سماعت کے دوران اہم فیصلے کیے ہیں۔ عدالت نے شیخ وقاص اکرم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب اورپی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عمر ایوب اور زرتاج گل کے پاسپورٹس فوری طور پر بلاک کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔
عدالت نے تمام فریقین کو آئندہ سماعت کے لیے طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
ذرائع کے مطابق، یہ مقدمات 26 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کے دوران پیش آنے والے حالات کے حوالے سے درج کیے گئے تھے۔ عدالت نے کارروائی کے دوران تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد مذکورہ رہنماؤں شیخ وقاص اکرام ، عمر ایوب اور زرتاج گل کے خلاف یہ اقدامات اٹھائے ہیں۔
اس سلسلے میں عدالت کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ فریقین اور حکام آئندہ سماعت میں اپنے مؤقف کے ساتھ پیش ہوں۔





