پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکست دے دی

پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے مات دے دی اور تین میچوں کی سیریز میں 0–2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کر لی۔
راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے۔
جینتھ لیانگے 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کمندو مینڈس نے 44، سدیرا سمارا وکرما نے 42، اور ونندو ہاسارنگا نے 37 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔
کامل مشرا نے 27، پاتھم نسانکا نے 24، کوسل مینڈس نے 20، پرامود دوشان نے 11 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، چیرتھ اسالنکا 6 اور دشمنتھا چمیرا بغیر رن کے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور ابرار احمد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد وسیم جونیئر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
289 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 48.2 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
کپتان بابر اعظم نے 119 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 102 رنز بنا کر نہ صرف اپنی دو سال بعد کی پہلی ون ڈے سنچری مکمل کی بلکہ ون ڈے کرکٹ میں اپنی 20ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے سعید انور کے زیادہ سنچریوں کے ریکارڈ کی برابری بھی کر لی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا ون ڈے: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دے دی
فخر زمان نے 93 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیلی، صائم ایوب 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 51 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے واحد کامیابی حاصل کرنے والے بولر دشمنتھا چمیرا رہے جنہوں نے 2 وکٹیں لیں، میچ میں بہترین کارکردگی پر بابر اعظم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Scroll to Top