پشاور: کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانہ تہکال کی حدود میں شادی کی تقریب میں بے تحاشہ ہوائی فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے والے 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ملزمان نے فارسٹ بازار میں ہوائی فائرنگ کی تھی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں۔
اس پر پولیس افسران نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کیں۔
پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ شادی کی تقریبات یا کسی بھی موقع پر غیر قانونی ہوائی فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
قانون سب کے لیے برابر ہے، ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
پولیس کے مطابق وائرل ویڈیو میں دکھائی دینے والے دلہا سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جو شادی میں فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا رہے تھے۔
ڈی ایس پی ٹاؤن سرکل ارباب نعیم حیدر کی نگرانی میں ایس ایچ او نعمان خان کی قیادت میں پولیس نے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں : بیرسٹر عقیل ملک نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا
گرفتار ملزمان میں دلہا جبران ولد خالد سہیل بھی شامل ہے۔
دیگر گرفتار ملزمان میں عدنان پسران خالد سہیل، عبد الباسط ولد سید الرحمان، شاہ زیب ولد دلشاد، کریم ولد عبد اللہ، کاشت ولد لیاقت علی، اعجاز ولد عالمزیب، ارشاد ولد صالح الدین، نور حیات ولد عین اللہ، عمران ولد سلطان محمد، اشرف ولد عبدالمنان اور محمد ابرار ولد جمیل شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی بیسمنٹ میں لگی آگ پر مکمل قابو پا لیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
پولیس کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک عدد LMG، ایک عدد M4 رائفل، دو کلاشنکوف، اور ایک پستول برآمد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، پولیس نے دو گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ علت 894 مورخہ 14 نومبر 2025، جرم 341.506(2).15AA.3/4AF تھانہ تہکال درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔





