آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنگ مسلط کرنے والوں کو اسی طرح جواب دیا جائے گا جیسا کہ مئی میں دیا گیا تھا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن جنگ مسلط کرنے والوں کو اسی طرح جواب دیا جائے گا جیسا کہ مئی میں دیا گیا تھا۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یہ ایوان صدر میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بھارت کے خلاف ہونے والی جنگ میں پاکستان کو سر بلند کیا ہے، پاکستان ہمیشہ اپنے دفاع اور خودمختاری کے لیے مضبوط موقف اختیار کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور اردن کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے درمیان گزشتہ روز ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم اور دفاعی تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا۔
رہنماؤں نے سٹریٹجک اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خطے اور عالمی فورمز پر مشترکہ تعاون مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ شاہ عبداللہ دوم نے غزہ کے معاملے پر اردن کی حمایت کے لیے پاکستان کی تعریف کی، جبکہ علاقائی سکیورٹی اور امن کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فلسطین کے مسئلے پر دونوں ممالک نے یکساں مؤقف کا اعادہ کیا اور غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی سخت مخالفت کی۔ اس کے علاوہ آٹھ عرب اسلامی ممالک کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو افغانستان اور بھارت سے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر شاہ عبداللہ نے پاکستان کے خطے میں امن قائم رکھنے کے کردار کی تعریف کی۔
وفاقی دارالحکومت پہنچنے پر ہوائی اڈے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے شاہ عبداللہ دوم اور ان کے اعلیٰ سطحی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔





