اردن کے بادشاہ اور سپریم کمانڈر آف جارڈن آرمڈ فورسز، شاہ عبداللہ دوم نے پاکستان کے معروف دفاعی ادارے گلوبل انڈسٹریل ڈیفنس سلوشنز کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شاہی مہمان کا استقبال آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیا جبکہ شہزادی سلمیٰ بنت عبداللہ اور اردن کے دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران شاہ عبداللہ دوم کو ادارے کی دفاعی پیداوار، جدید ٹیکنالوجی، اور پاکستان کی انڈیجینس ڈیفنس صلاحیتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی دفاعی تعاون کے نئے امکانات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
شاہ عبداللہ دوم نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے وزیر دفاعی صنعت سمیت متعدد اعلیٰ حکام موجود تھے۔
مہمانوں نے مشترکہ فائر پاور اور مینوور ایکسرسائز، کثیرالجہتی آپریشنز، فضائی اور کنونشنل فائر پاور، اسپیکٹرم وارفیئر اور ملٹی پرپز ڈرونز کے عملی مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔

شاہ عبداللہ دوم نے پاکستانی فورسز کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شاہ عبداللہ دوم اور اردنی عوام کے لیے پاکستان کی جانب سے گہرے احترام اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور امن کی مشترکہ سوچ کا مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا گیا
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور اردن کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دورے کے اختتام پر شاہ عبداللہ دوم نے آرمی چیف کو Order of the Military Merit (First Degree) کے اعزاز سے بھی نوازا۔





