حج پر جائیں یا نہ جائیں؟ فیصلہ اب آپ کی صحت رپورٹ کرے گی، خواہش نہیں

Pakistan SCO Summit 2026

سعودی حکومت نے اگلے سال حج کی ادائیگی کے لیے صحت کے حوالے سے نئے اصول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کچھ سنگین یا متعدی بیماریوں کے مریض حج میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ان پابندیوں کا مقصد بڑے اجتماع میں عازمین کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ پر شائع نوٹس کے مطابق سعودی وزارتِ صحت نے واضح کیا ہے کہ ایسے افراد جنہیں گردوں کی شدید خرابی ہو اور وہ ڈائیلاسس کے محتاج ہوں، دل کے ایسے مریض جو ہلکی جسمانی مشقت بھی برداشت نہیں کر پاتے، یا پھیپھڑوں کے دائمی امراض میں مبتلا افراد جنہیں مسلسل یا وقفے وقفے سے آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے—انہیں حج کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ جگر کی ناکامی یا سیروسس کے مریض بھی ممنوعہ فہرست میں شامل ہیں۔

نوٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اعصابی و دماغی امراض جیسے ڈیمینشیا، یادداشت کی انتہائی کمزوری، شدید رعشہ، اور جسمانی معذوری کا شکار افراد کو حج سے روکا جائے گا۔

اسی طرح الزائمر میں مبتلا بزرگ شہری، اور ایسی خواتین جن کا حمل آخری مرحلے میں ہو یا پیچیدگیوں کا باعث بن رہا ہو، وہ بھی حج نہیں کر پائیں گی۔

سعودی پالیسی کے مطابق ایسی تمام بیماریاں جو بڑے اجتماعات میں دوسروں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں—مثلاً کالی کھانسی، کھلی تپِ دق (اوپن ٹی بی) اور وائرل ہیمرجک فیور—ان میں مبتلا عازمین کو بھی حج کی اجازت نہیں ملے گی۔

مزید براں کینسر کے آخری مراحل میں مبتلا افراد یا وہ مریض جو کیموتھراپی، بائیولوجیکل اور ریڈیولوجیکل علاج سے گزر رہے ہوں، نئی فہرست کے مطابق حج کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : 100 میچز، لا محدود جذبہ: رضوان پاکستان کرکٹ کا فخر بن گئے

پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے اس حوالے سے اپنے اعلامیے میں ڈاکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عازمین کو مکمل میڈیکل جانچ کے بعد ہی فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کریں۔ وزارت نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی عازم نے اپنی بیماری یا صحت سے متعلق غلط معلومات دیں تو اسے سعودی عرب سے اپنے خرچ پر واپس بھجوا دیا جائے گا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ویکسینیشن یا میڈیکل اسکریننگ کے دوران اگر کسی عازم میں کوئی ممانعت والی بیماری پائی گئی تو حج کیمپ میں موجود میڈیکل آفیسرز اسے سفر کرنے سے روک سکیں گے۔

سعودی حکام حج کے داخلی اور خارجی پوائنٹس پر خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کریں گے جو فٹنس سرٹیفکیٹس کا جائزہ لے کر صرف ان افراد کو حج میں شامل ہونے کی اجازت دیں گی جو مقررہ صحت کے معیار پر پورا اترتے ہوں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top