ماسکو: روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی کے حل کے لیے ثالثی کی پیشکش کر دی ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے کریملن میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ روس کی اولین ترجیح خطے میں امن قائم رکھنا ہے اور پاکستان و افغانستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی اس امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کا حل صرف مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ممکن ہے، اور کسی بھی کشیدہ اقدام سے گریز کرنا ناگزیر ہے۔
زخارووا نے پاکستان اور افغانستان کو خطے کے اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصالحتی کوششیں خطے میں پائیدار امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایران نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی تھی، اور اب روس نے بھی اپنے موقف کا اعلان کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حج پر جائیں یا نہ جائیں؟ فیصلہ اب آپ کی صحت رپورٹ کرے گی، خواہش نہیں
روسی وزارت خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی سرحدی کشیدگی خطے میں مجموعی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے، اور اس کا حل مذاکرات کے عمل سے ہی ممکن ہے۔





