غزہ: اسرائیلی فوج کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور اتوار کے روز جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں تازہ بمباری میں 3 فلسطینی مزید شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مشرقی علاقے کے ساتھ ساتھ غزہ شہر کے زیتون محلے اور رفح کے قریبی حصوں کو بھی نشانہ بنایا۔
رواں سال 10 اکتوبر کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد اب تک اسرائیلی فورسز کے حملوں میں 274 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 1500 عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طوباس میں بھی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہوا۔
ادھر جنوبی لبنان میں اسرائیلی ٹینک نے اقوام متحدہ کے اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی، جس کے بارے میں فوج نے دعویٰ کیا کہ خراب موسم کے باعث اہلکاروں کو مشتبہ سمجھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : طورخم بارڈر بند رہے گا یا کھلا؟ پاکستان نے بڑا فیصلہ کر دیا
اسرائیلی حکومت نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں کی تحقیقات کے لیے آزاد تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے، جب کہ عوام نیتن یاہو حکومت سے ریاستی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو سال کی جنگ میں اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر تقریباً 69 ہزار 400 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔





