عدالت نے پی ٹی آئی کی ایم این اے شاندانہ گلزار کو عمرے کے لیے اجازت دیدی

عدالت نے پی ٹی آئی کی ایم این اے شاندانہ گلزار کو عمرے کے لیے اجازت دیدی

عدالت میں شاندانہ گلزار کی بیرون ملک سفر کی استدعا منظور، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کی تصدیق کے بعد وکیل، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اور فوکل پرسن پیش ہوئے ۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے پی ٹی آئی کی ایم این اے شاندانہ گلزار کو عمرے کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ شاندانہ گلزار کی بیرونی ملک سفر پر عائد پابندی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت جسٹس وقار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزارہ کی وکیل، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اور ایف آئی اے کے فوکل پرسن عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزارہ نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں عمرے کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت دی جائے اور ساتھ ہی سٹاپ لسٹ، پی این آئی ایل یا کسی دیگر فہرست میں نام شامل ہونے کے حوالے سے معلومات فراہم کی جائیں۔

درخواست کے جواب میں وزارت داخلہ نے رپورٹ جمع کرائی جبکہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزارہ کا نام کسی بھی سٹاپ لسٹ، پی این آئی ایل یا دیگر متعلقہ فہرست میں موجود نہیں ہے۔ ایف آئی اے کے فوکل پرسن نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ شاندانہ گلزار کے خلاف کسی کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔

عدالت نے درخواست گزارہ کا نام کسی بھی فہرست میں نہ ہونے کے پیشِ نظر انہیں عمرے کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی اور کیس کو نمٹا دیا۔

اس فیصلے کے بعد شاندانہ گلزار اب بلا روک ٹوک اپنے مذہبی فریضے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا سکیں گی۔

Scroll to Top