برطانیہ میں دو پاکستانی طالبعلم جاں بحق، واقعے کی پس پردہ حقائق سامنے آگئے

برطانیہ: برطانیہ کے شہر سوئنڈن میں ایک رہائشی پراپرٹی میں گیس لیکج کے واقعے کے باعث دو پاکستانی طلبہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جس نے پاکستانی کمیونٹی میں شدید صدمہ پیدا کر دیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق کاربن مونو آکسائیڈ کے اخراج نے دونوں نوجوانوں کی زندگی لے لی۔

جاں بحق طلبہ کی شناخت 34 سالہ افضل احمد ستی اور 32 سالہ محمد عثمان مغل کے طور پر کی گئی ہے۔

دونوں نوجوان اسٹوڈنٹ ویزا پر حال ہی میں برطانیہ آئے تھے اور لندن میں مقیم تھے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ ہیٹنگ سسٹم میں گیس کے رساؤ کے باعث پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں : مدینہ منورہ سے افسوسناک خبر : 11 بچوں سمیت 42 عمرہ زائرین جاں بحق

افضل احمد ستی شادی شدہ اور دو بچوں کے والد تھے، جبکہ عثمان مغل نے حال ہی میں شادی کی تھی۔ دونوں کا تعلق کوٹلی ستیاں، ضلع راولپنڈی سے تھا۔

لندن کے علاقے الفورڈ میں نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں عزیز و اقارب اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں : ابراہم معاہدے کا حصہ بننا چاہتے ہیں، فلسطین کی دو ریاستی ضمانت لازمی، سعودی ولی عہد

مقامی پولیس کے مطابق ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر پہنچنے پر دونوں طلبہ پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے اور قانونی کارروائی کے بعد دونوں کی میتیں پاکستان منتقل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔

یہ واقعہ پاکستانی طلبہ اور کمیونٹی کے لیے ایک المناک صدمہ ہے، اور مقامی حکام مزید حفاظتی اقدامات پر زور دے رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top