خیبر پختونخوا سے فتنۂ الہندوستان کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی جڑیں کاٹنے کے لیے ریاستی عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور فتنۂ الہندوستان کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ایک بڑی کامیابی حاصل کی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ فورسز کے جوان ہر محاذ پر قوم کی حفاظت کے لیے تیار ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور دلیرانہ کارروائیاں پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر کے ناپاک منصوبوں کو بارہا ناکام بنایا گیا ہے اور اسی عزم کے ساتھ ملک کو مکمل طور پر دہشت گردی سے پاک کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ جلد وہ وقت آئے گا جب پاکستان کی سرزمین سے فتنۂ الہندوستان ہمیشہ کے لیے مٹ جائے گا اور ملک میں دیرپا امن قائم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑ و بنوں میں کامیاب کارروائیوں پر صدر و وزیراعظم کی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ اور بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔

صدر زرداری نے فتنہ الخوارج کے 23 دہشت گردوں کے خاتمے کو سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی قرار دیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ باجوڑ میں خوارج کے سرغنہ سمیت متعدد دہشت گردوں کا خاتمہ امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے، اور پاکستان میں کسی بھی غیر ملکی پشت پناہی والے دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، اور پوری قوم اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

Scroll to Top