کرم میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی، مناتو و مرزائی میں 22 دہشت گرد ہلاک

سنٹرل کرم کے علاقوں مناتو اور مرزائی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 22 دہشت گرد ہلاک کر دیے ہیں، جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، دہشت گرد مقامی آبادی کے قریب ایک گھر پر چھپے ہوئے تھے اور انہوں نے اس میں بارودی مواد بھی نصب کر رکھا تھا۔ کارروائی کے دوران بارود پھٹنے سے گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا، تاہم خوش قسمتی سے کسی عام شہری کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ چند سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جنہیں بروقت طبی امداد فراہم کی گئی۔

فورسز نے اطلاع ملنے کے فوری بعد موثر، ٹارگٹڈ اور بروقت آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 22 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری آپریشنز کا حصہ ہیں اور قوم اور اس کے محافظ ادارے دہشت گردی کے اس فتنے کے مکمل خاتمے تک متحد ہیں۔

حالیہ کارروائی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ سیکیورٹی فورسز حساس علاقوں میں موجود دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور شہریوں کے تحفظ کو ہر حال میں مقدم رکھتی ہیں۔ آپریشن کے دوران بارودی مواد کی بروقت نشاندہی اور تلفی نے ممکنہ بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن بنایا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشنز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے اور ان کا مقصد نہ صرف دہشت گردوں کو ختم کرنا بلکہ علاقے میں عام شہریوں کی زندگی کو محفوظ بنانا بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مخصوص نشستوں کے کیس میں جسٹس جمال کا اہم فیصلہ جاری

Scroll to Top