ضمنی انتخابات،اے این پی پنجاب کا مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان

پنجاب میں ضمنی انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) پنجاب نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے صوبائی جنرل سیکریٹری امیر بہادر خان ہوتی نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی پنجاب مسلم لیگ ن کے نامزد امیدواروں کی بھرپور حمایت کرے گی۔

اس سلسلے میں صوبائی جنرل سیکرٹری نے باقاعدہ طور پر احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ضمنی انتخابات: فوج اور سول آرمڈ فورسز کے افسران کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض

جاری کئے گئے ہدایات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کی تمام تنظیمیں، ضلعی و تحصیل عہدیداران اور کارکنان مسلم لیگ نون کے امیدواروں کی الیکشن میں تعاون کریں گے اور بھرپور عملی حمایت فراہم کریں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے این اے 185 ڈیرہ غازی خان کے ضمنی انتخاب میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان اور مسلم لیگ ن کے امیدوار محمود قادر خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔

نوٹس کے مطابق آئین کے آرٹیکل 218(3) اور الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعات 234 اور 48(c)(15) کے تحت پبلک آفس ہولڈرز کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت نہیں، جبکہ شق 18 صدر، وزیراعظم، وزرا، گورنرز، مشیروں، وزرائے اعلیٰ، میئرز اور ناظمین سمیت سرکاری عہدے داروں کو ایسی سرگرمیوں میں شرکت سے روک دیتی ہے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی 21 نومبر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ حذیفہ رحمان نے بطور معاون خصوصی لیگی امیدوار محمود قادر خان کی انتخابی مہم میں شرکت کی، جو ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام مکمل علم کے ساتھ کیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ ضابطے کی خلاف ورزی میں نہ صرف پبلک آفس ہولڈر بلکہ وہ امیدوار بھی ذمہ دار ہوتا ہے جسے اس عمل سے فائدہ پہنچے۔ اسی بنا پر دونوں شخصیات کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

حذیفہ رحمان اور محمود قادر خان کو 24 نومبر 2025 کو صبح 11 بجے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو کر اپنا مؤقف بیان کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top