پشاور: بنوں کے ڈومیل ہلال چوک میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی اے پی سی پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی جس میں 5 حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ بدقسمتی سے جوابی فائرنگ کے دوران دو مقامی شہری بھی شہید ہوگئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق حملہ دہشت گردوں نے اے پی سی پر براہ راست فائرنگ کرکے کیا۔
پولیس نے فوری ردعمل ظاہر کیا اور دہشت گرد فائرنگ کے بعد قریبی گھر میں داخل ہوگئے۔ وہاں مزاحمت کے دوران دو شہریوں کو نقصان پہنچا۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ بنوں ریجن، بنوں پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن کیا۔ 8
گھنٹے جاری رہنے والے اس آپریشن کے دوران تمام 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا۔
سی ٹی ڈی نے ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت رسول عرف کمانڈر اریانہ کے طور پر کی جبکہ دیگر دہشت گردوں کی شناخت تاحال جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عوام کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہونا ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر کا جامعۃ الرشیدکراچی میں اجتماع سے خطاب
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دو دہشت گرد ابتدائی مقابلے میں مارے گئے جبکہ باقی دہشت گرد گھر میں داخل ہوکر ہلاک ہوئے۔
شہریوں نے فورسز پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک وہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔





