ٹرمپ اور میئر ظہران ممدانی کی ملاقات، امید ہے نئے میئر شہر میں مثبت تبدیلی لائیں گے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی سے ملاقات کی، جس دوران دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ظہران ممدانی کے ساتھ ملاقات انتہائی مثبت اور مؤثر رہی۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ممدانی نیویارک کے معاملات بہتر انداز میں چلائیں گے اور امریکی حکومت ان کی ہر ممکن معاونت کرے گی تاکہ شہر کی عوام کی توقعات پر پورا اترا جا سکے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا ظہران ممدانی کے فیصلے بعض قدامت پسند رہنماؤں کے لیے حیرت کا باعث بن سکتے ہیں، لیکن ہمیں امید ہے کہ وہ مثبت تبدیلیاں لائیں گے۔

انہوں نے اس بات کی وضاحت بھی کی کہ ملاقات میں یہ نہیں بات ہوئی کہ آیا ممدانی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو گرفتار کریں گے یا نہیں۔

ٹرمپ نے عالمی امن کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ان کی کوششوں کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہوا ہے، اور ان کے ذریعے کیے گئے آٹھ امن معاہدوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے خاتمے کا بھی ذکر شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ضمنی انتخابات:حکومت نے امن و امان کے پیش نظر انتخابی حلقوں میں پاک فوج تعینات کر دی

میئر ظہران ممدانی نے بھی امریکہ کی فنڈنگ پالیسی پر تنقید کی، اور کہا کہ امریکی ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کو فنڈنگ فراہم کرنا درست نہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ان کے اور ٹرمپ کے حامی اس بات پر متفق ہیں کہ انسانی حقوق کی پامالی پر فنڈنگ بند کی جانی چاہیے۔

صدر ٹرمپ نے آخر میں کہا کہ نیویارک کے معاملات جتنے بہتر انداز میں چلیں گے، وہ اتنے ہی خوش ہوں گے اور ان کی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

Scroll to Top