ملک میں امن و استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز کی دلیرانہ کارروائیاں قابلِ فخر ہیں، ایاز صادق

پشاور: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی حالیہ کارروائیاں قابل ستائش ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے ذہنوں میں یاد رکھی جائیں گی۔

اسپیکر نے خیبرپختونخوا کے ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مادرِ وطن سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔

سردار ایاز صادق نے لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان آپریشنز میں سکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف یہ فیصلہ کن کارروائیاں فورسز کے عزم کی جیت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت جاری آپریشنز ملک میں دیرپا امن کی بنیاد رکھ رہے ہیں اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اسپیکر نے مزید کہا کہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم متحد ہے اور دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر پارلیمان کا مکمل اعتماد ہے، ملک میں امن و استحکام کے لیے فورسز کی دلیرانہ کارروائیاں قابل فخر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں: سی ٹی ڈی پر فتنہ الخوارج کا حملہ، پولیس کی بروقت کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک

یاد رہے کہ گزشتہ رات بنوں کے ڈومیل ہلال چوک میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی اے پی سی پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی جس میں 5 حملہ آور ہلاک ہوگئے۔ بدقسمتی سے جوابی فائرنگ کے دوران دو مقامی شہری بھی شہید ہوگئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق حملہ دہشت گردوں نے اے پی سی پر براہ راست فائرنگ کرکے کیا۔

پولیس نے فوری ردعمل ظاہر کیا اور دہشت گرد فائرنگ کے بعد قریبی گھر میں داخل ہوگئے۔ وہاں مزاحمت کے دوران دو شہریوں کو نقصان پہنچا۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ بنوں ریجن، بنوں پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن کیا۔ 8

گھنٹے جاری رہنے والے اس آپریشن کے دوران تمام 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا۔

سی ٹی ڈی نے ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت رسول عرف کمانڈر اریانہ کے طور پر کی جبکہ دیگر دہشت گردوں کی شناخت تاحال جاری ہے۔

Scroll to Top