ضمنی انتخابات کی تیاری مکمل، قومی اسمبلی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 7 حلقوں میں ووٹنگ کل ہوگی

ضمنی انتخابات کی تیاری مکمل،قومی اور صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں میں ووٹنگ کل ہوگی، حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ضمنی انتخابات کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے اور کل ملک کے 13 حلقوں میں ووٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے 6 حلقے اور صوبائی اسمبلی کے 7 حلقے ووٹنگ کے عمل کا حصہ ہوں گے۔

قومی اسمبلی کے حلقوں میں ووٹنگ درج ذیل مقامات پر ہوگی
این اے 18 ہری پور
این اے 129 لاہور
این اے 143 ساہیوال
این اے 185 ڈی جی خان
این اے 96 فیصل آباد
این اے 104 فیصل آباد
صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ووٹنگ یہیں ہوگی
پی پی 98، پی پی 115، پی پی 116
پی پی 73 سرگودھا
پی پی 87 میانوالی
پی پی 203 ساہیوال
پی پی 269 مظفرگڑھ

دوسری جانب، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی ڈیوٹی کے دوران پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے تاکہ انتخابی عمل شفاف اور محفوظ ہو۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق، پولیس پہلی رسپانڈر ہوگی، سول آرمڈ فورسز دوسری اور پاک فوج تیسری رسپانڈر (Quick Response Force) کے طور پر تعینات ہوگی۔ فوج انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر مامور ہوگی تاکہ کسی بھی ہنگامہ آرائی یا ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ پریس پر بھی پاک فوج اور سول فورسز سکیورٹی فراہم کریں گی اور انتخابی مواد کی ترسیل کے دوران مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

ضابطہ اخلاق میں واضح کیا گیا ہے کہ ہر افسر وہ اختیارات استعمال کرے گا جو الیکشن کمیشن نے تفویض کیے ہیں، اور ڈی آر او، آر او اور پولنگ اسٹاف کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں مکمل سہولت فراہم کرے گا۔ کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں فورسز پہلے پریزائیڈنگ افسر اور اپنے چین آف کمانڈ کو اطلاع دیں گی، اور پولنگ اسٹاف کے کام میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کریں گی۔

مزید برآں، پولنگ اسٹیشن کے باہر ہنگامہ آرائی یا انتشار پھیلانے والے ووٹر کو فورسز مؤثر طریقے سے روکیں گی، جبکہ اہل ووٹر کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جائے گا۔ ضابطہ اخلاق کے تحت پولنگ اسٹاف کے فرائض کسی بھی صورت فورسز کے ذمے نہیں آئیں گے اور مبصرین کو پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی اجازت ہوگی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ضمنی انتخابات کو پرامن، محفوظ اور شفاف انداز میں کرانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

Scroll to Top