سعودی عرب کا پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر کی ماہانہ پیٹرولیم مصنوعات فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ

سعودی عرب کا پاکستان کو مؤخر ادائیگی پر 10 کروڑ ڈالر کی ماہانہ پیٹرولیم مصنوعات فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کو وزارتوں میں ای آفس کے نفاذ کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ 39 ڈویژنز میں ای آفس کا نفاذ مکمل ہوچکا ہے جس سے سرکاری کاموں میں تیز تر اور شفافیت آئی ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اداروں میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ سرکاری خدمات کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔

کابینہ نے اقوام متحدہ کے سمندری وسائل کے معاہدے پر دستخط کرنے کی منظوری دی، جس سے پاکستان کے عالمی سطح پر سمندری حقوق کا تحفظ مزید مستحکم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا حکومت کے افغانستان سے مذاکرات کے لیے حکمت عملی طے

اجلاس میں کابینہ نے کئی دیگر اہم تعیناتیوں کی بھی منظوری دی، جن میں کامران جہانگیر کو نیشنل بک فاؤنڈیشن کا نیا ایم ڈی مقرر کیا گیا۔ اس کے علاوہ، نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق میں ممبر تعیناتی کے لیے چھ ناموں کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے صومالیہ کے نیشنل آئیڈینٹٹی سسٹم کے معاہدے میں توسیع کی بھی منظوری دی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا۔

اس کے ساتھ ہی، کابینہ نے ڈاکٹر شاہد اسلم مرزا کو ایم ڈی کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔ علاوہ ازیں، پاکستان انجینیئرنگ کونسل کے انتخابات میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں عمرہ زائرین اور گردن توڑ بخار کے مریضوں کیلئے اچھی خبر

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے خط کے حوالے سے کابینہ کو آگاہ کیا، جس میں سعودی عرب نے پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر کی ماہانہ پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے کا فیصلہ مؤخر ادائیگی پر جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہر مشکل وقت میں ہماری مدد کی ہے۔

یہ اجلاس وفاقی حکومت کے مختلف شعبوں میں بہتری لانے اور پاکستان کی عالمی سطح پر پوزیشن مستحکم کرنے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

Scroll to Top