گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کے اسلام آباد سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اپنے طرزِ سیاست پر شرم آنی چاہیے۔
اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسلام آباد کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے کی دھمکی سیاست میں تشدد، دھمکی اور تباہی کے اس طرزِ عمل کا ایک اور مظاہرہ ہے جسے پی ٹی آئی نے معمول بنا لیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ریاستی اداروں کو بدنام کرنا اور ریاست مخالف بیانیے کو فروغ دینا اسی سیاست کا حصہ ہے۔ ان کے بقول خیبرپختونخوا کے عوام پہلے ہی دہشت گردی، معاشی مشکلات اور حکمرانی کے مسائل کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں، ایسے میں وفاقی دارالحکومت کو انتشار کی دھمکی دینا مسئلے کا حل نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے خیبر پختونخوا میں فوری گورنر راج نافذ کرنے کا مطالبہ
فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ خیبرپختونخوا کی نمائندگی کا دعویٰ کرتے ہیں تو صوبے میں واپس آکر عوام کے مسائل کی ذمہ داری قبول کرنے کا حوصلہ بھی دکھائیں۔
گورنر نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات کا اظہار جمہوری اور آئینی طریقے سے ہونا چاہیے، جبکہ تشدد، دھمکیوں اور انتشار کی سیاست سے عوام کے مسائل حل نہیں کیے جاسکتے۔





