ضلع خیبر منشیات کا گڑھ ، منشیات کے دھند میں پی ٹی آئی کے لوگ حصہ دار ہیں ، اختیار ولی

ضلع خیبر منشیات کا گڑھ ، منشیات کے دھندے میں پی ٹی آئی کے لوگ حصہ دار ہیں ، اختیار ولی

لیگی رہنما اختیار ولی نے ضلع خیبر میں منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع خیبر ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ کا مرکزی گڑھ بن چکا ہے اور منشیات کے دھند میں پی ٹی آئی کے لوگ بھی حصہ دار ہیں

اپنے ایک بیان میں اختیار ولی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ضلع خیبر میں منشیات کے خلاف کارروائی کریں تاکہ ملک میں منشیات کی اسمگلنگ کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ میں منشیات کے بڑے کارخانے قائم ہیں اور وزیراعلیٰ کی ملکیتی زمینوں پر بھی تیار شدہ فصلیں موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزرائے اعلیٰ علی امین اور محمود خان بھی اس سلسلے میں کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھا سکے اور ضلع خیبر میں ساڑھے تین ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر منشیات کی کاشت جاری ہے۔ اختیار ولی نے انتباہ کیا کہ منشیات کا غیر قانونی پیسہ نہ صرف ملک میں دہشتگردی اور ریاست پر حملوں میں استعمال ہوتا ہے بلکہ سرحد پار بھی منتقل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ حکومت فوری اقدامات کرے، وادی تیراہ اور ضلع خیبر میں منشیات کے کارخانوں کو سیل کیا جائے اور منشیات کے دھند میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

یہ معاملہ صوبائی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، اور سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلع خیبر میں منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ کا مسئلہ صرف مقامی انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے بڑھا ہے۔

Scroll to Top