ٹی 20 ٹرائی سیریز، پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو 69 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے جبکہ جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 126 رنز پر ہی ڈھیر گئی۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا، بابر اعظم نے اپنی کلاسک بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

اوپنر صاحبزادہ فرحان بھی بہترین فارم میں دکھائی دیے اور 63 رنز بنا کر سیریز میں مسلسل دوسری نصف سنچری سکور کی، دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ پر 103 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔

دیگر بیٹرز میں صائم ایوب نے 13، محمد نواز نے 4 اور فہیم اشرف نے 3 رنز جوڑے، اننگز کے اختتامی لمحات میں فخر زمان نے صرف 10 گیندوں پر 27 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر پاکستانی اسکور کو مضبوط بنایا جبکہ سلمان علی آغا ایک رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

زمبابوے کی طرف سے سکندر رضا نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بریڈ ایونز اور رچرڈ نگاروا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی، پاکستانی بولرز نے عمدہ لائن اینڈ لینتھ کے ساتھ مسلسل وکٹیں حاصل کیں۔

زمبابوے کے ریان برل نے مزاحمت کرتے ہوئے 67 رنز ناٹ آؤٹ بنائے جبکہ سکندر رضا 23 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے، باقی بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز نے 2 وکٹیں، اور نسیم شاہ، فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

زمبابوے کی پوری ٹیم 196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 126 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں پاکستان نے میچ با آسانی جیت کر ٹرائی سیریز کے فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان سنوکر ٹیم ورلڈ ٹیم چیمپئن بن گئی

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کو شکست دی تھی جس میں صاحبزادہ فرحان نے ناقابلِ شکست 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

سیریز کے پہلے میچ میں بھی گرین شرٹس نے زمبابوے کو پانچ وکٹوں سے ہرایا تھا اور 148 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کیا تھا۔

Scroll to Top