ضمنی الیکشن تحریک انصاف کیلئے بڑا اپ سیٹ ثابت، ن لیگ کی واضح برتری

ضمنی الیکشن تحریک انصاف کے لیے بڑا اپ سیٹ ثابت ہوا، غیر سرکاری نتائج میں ن لیگ کی واضح برتری ہے

ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات تحریک انصاف کے لیے بڑا سیاسی دھچکا ثابت ہوئے جبکہ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے قومی و صوبائی اسمبلی کے بیشتر حلقوں میں سبقت حاصل کرلی ہے۔

ابتدائی غیر سرکاری نتائج کے مطابق 13 میں سے 11 حلقوں میں مسلم لیگ ن آگے ہے، قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں میں ن لیگ کو سبقت حاصل ہے۔

پنجاب اسمبلی کے سات میں سے چھ حلقوں میں بھی ن لیگ برتری پر ہے، صرف ایک صوبائی حلقے میں پیپلز پارٹی نے سبقت لی ہے۔

ہری پور کے اہم حلقے این اے 18 میں کانٹے دار مقابلہ جاری ہے جہاں آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب نے غیر سرکاری طور پر 76,265 ووٹوں کے ساتھ برتری حاصل کرلی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان 73,775 ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں۔

لاہور کے حلقہ این اے 129 میں ن لیگ کے امیدوار میاں نعمان نے 24,999 ووٹ حاصل کرکے مضبوط پوزیشن بنالی ہے جبکہ آزاد امیدوار چودھری ارسلان 11,162 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

جڑانوالہ کے حلقہ این اے 96 میں بھی ن لیگ کو واضح برتری حاصل ہے ، بلال بدر چودھری 29,089 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں، جب کہ آزاد امیدوار نواب شیر وسیر 12,078 ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں۔

ساہیوال کے حلقہ این اے 143 میں بھی مسلم لیگ ن کی پوزیشن مضبوط ہے، غیر سرکاری نتائج کے مطابق چودھری محمد طفیل 110,891 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار ضرار اکبر چودھری 10,375 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ڈیرہ غازی خان کے حلقے این اے 185 میں ن لیگ کے سردار محمود قادر لغاری نے بھی سبقت برقرار رکھی ہوئی ہے اور اب تک 53,539 ووٹ حاصل کرچکے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار دوست محمد کھوسہ 27,453 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔

مظفرگڑھ کے پی پی 269 میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا، غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے میاں علمدار قریشی نے 42,976 ووٹ کے ساتھ سبقت حاصل کر لی ہے جبکہ آزاد امیدوار سردار اقبال پتافی 30,072 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات، قومی اسمبلی کے تمام 6 حلقوں پر ن لیگ کو برتری

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق، ضمنی انتخابات میں مجموعی طور پر مسلم لیگ ن کا پلڑا واضح طور پر بھاری ہے تاہم حتمی سرکاری نتائج الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے جائیں گے۔

Scroll to Top