دبئی ایئر شو حادثہ، آرمینیا نے بھارتی طیارے تیجس طیارے کی خریداری روک دی

دبئی ایئر شو میں بھارتی جنگی طیارہ تیجس کے حادثے کے بعد بھارت کو ایک اور بڑا جھٹکا پہنچا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق آرمینیا نے تیجس طیارے خریدنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ آرمینیا تقریباً 1.2 ارب ڈالر مالیت کے بارہ طیاروں کی خریداری پر غور کر رہا تھا جو اب معطل کر دیا گیا ہے۔

ایئر شو کے دوران طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے تیزی سے نیچے آیا اور رن وے کے قریب زمین سے ٹکرا گیا، جس کے فوراً بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور پائلٹ جان کی بازی ہار گیا۔

بھارتی فضائیہ نے پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ ونگ کمانڈر وکرم سنگھ اڑا رہے تھے۔

تیجس طیارے کا یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے پہلے بھی ایک طیارہ 2015 کے بعد راجستھان میں تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو چکا ہے۔ دبئی ایئر شو میں حادثے کے بعد ایونٹ کو عارضی طور پر روک دیا گیا جبکہ طیارہ تیار کرنے والی کمپنی ہندوستان ایروناٹکس کے شیئرز میں 2.62 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اطلاعات کے مطابق طیارے میں تکنیکی خرابی اور آئل لیک کے مسائل پہلے سے موجود تھےاس کے باوجود اسے ایئر شو میں شامل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی جہاز تیجس 100 فیصد تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہی گر کر تباہ ہوا، چشم دید شواہد منظر عام پر

عینی شاہدین کے مطابق حادثے سے کچھ لمحے قبل جہاز کے دائیں جانب ہلکا دھواں نکلتا نظر آیا، جو انجن کے نوزل سے کافی آگے تھا۔ ممکن ہے کہ یہ کسی رسنے والے مائع (ایندھن یا تیل) کے جلنے کی وجہ سے ہو رہا تھا۔

چشم دید گواہوں کے مطابق جہاز کرتب دکھاتے ہوئے تیزی سے زمین کی جانب آیا جس کے بعد شعلے بلند ہو گئے۔

Scroll to Top