جمیعت علماء اسلام (ف) کے رہنما فرخ کھوکھر کو آج اسلحہ کے لائسنس نہ ہونے پر اسلام آباد پولیس نے تحویل میں لے کر تھانہ آبپارہ منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق انہیں ہدایت کی گئی تھی کہ اگر اسلحہ کا لائسنس پیش نہ کیا گیا تو ناجائز اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کر کے باضابطہ گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔
فرخ کھوکھر نے موقع پر موجود اپنی دوسری گاڑی میں سوار افراد کو فوری طور پر کھوکھر ہاؤس بھیج دیا تاکہ وہ متعلقہ اسلحہ لائسنس لا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پرحملے میں تین اہلکار شہید
خود وہ پولیس کے ہمراہ تھانہ آبپارہ چلے گئے جہاں تقریباً ایک گھنٹے بعد اسلحہ کا لائسنس تھانے میں جمع کرا دیا گیا۔
پولیس نے لائسنس کی تصدیق کے بعد فرخ کھوکھر کو جانے کی اجازت دے دی جس کے بعد وہ تھانے سے روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ فرخ کھوکھر نےرواں سال 18 جولائی کو مولانا فضل الرحمان کی ڈیرہ تاجی کھوکھر آمد کے موقع پر جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
فرخ کھوکھرکا تعلق سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نواز کھوکھر اور سابق سینیٹر اور بلاول بھٹو زرداری کے سابق ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کے خاندان سے ہے۔وہ نواز کھوکھر کے بھتیجے، مصطفیٰ نواز کھوکھر کے چچا زاد بھائی اور امتیاز کھوکھر المعروف تاجی کھوکھر کے صاحبزادے ہیں۔





