پشاور کی عظمت رفتہ کی واپسی کیلئے 100 ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر گرینڈ میٹنگ کا اعلان

پشاور کی عظمت رفتہ کی واپسی کیلئے 100 ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر گرینڈ میٹنگ کا اعلان

خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے 100ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر گرینڈ میٹنگ بلانے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کی تاریخی عظمت کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے خیبرپختونخوا حکومت نے 100 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر گرینڈ میٹنگ بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ضلع پشاور کے موجودہ و سابق اراکین اسمبلی، پارلیمنٹیرینز اور سینئر قیادت نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی نے اجلاس میں کہا کہ پشاور صوبے کا دارالحکومت اور ہماری ثقافتی شناخت کا مظہر ہے، لہذا شہر کی ترقی اور عظمت رفتہ کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے میگا پراجیکٹس اور درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ پشاور دوبارہ اپنی رونق اور شان حاصل کر سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7 دسمبر کو پشاور میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں ترقیاتی منصوبوں کے انتظامات، شہری سہولیات، اور سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ حکومت شہر کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں میں مزید تیزی لائے گی تاکہ پشاور کی تاریخی، معاشی اور ثقافتی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا جا سکے۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے شہر کے انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی غور و خوض کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات دی گئیں کہ وہ شہریوں کی سہولت کے لیے فوری اقدامات کریں۔

پشاور کی عظمت رفتہ کی بحالی کے یہ منصوبے نہ صرف شہر کی تاریخی اہمیت کو بحال کریں گے بلکہ صوبے کی معیشت اور عوامی فلاح و بہبود میں بھی نمایاں اضافہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : نواز شریف کی پارٹی کو اقتدار میں لانیوالوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے، شوکت یوسفزئی

Scroll to Top