گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ سیاست اور حکومت الگ الگ چیزیں ہیں اور وزیر اعلیٰ کو چاہیے کہ وہ دھرنوں کے ساتھ ساتھ صوبے کے انتظامی امور پر بھی توجہ دیں۔
نوشہرہ میں وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر اختیار ولی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےگورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اس وقت دہشت گردی کا شکار ہے اور اس موقع پر سیاست نہیں بلکہ امن قائم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ایف سی ہیڈ کوارٹر، وانا کیڈٹ کالج اور ڈیرہ اسماعیل خان پولیس ٹریننگ سنٹر پر ہونے والے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں افغان شہری ملوث تھے اور ان کی ٹائمنگ ایسی تھی کہ بڑے نقصان کا اندیشہ تھا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ شریعت کے نام پر انتشار پھیلانے والوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کی مکمل حمایت ہونی چاہیے کیونکہ امن قائم رکھنے کے لیے ہماری فوج، پولیس اور فرنٹیئر کور کے جوان اپنی جانیں دے رہے ہیں





