بلوچستان کے شہر نوکانڈی میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر فتنہِ ہندستان کے دہشت گردانہ حملے کو سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے ناکام بنا دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک خودکش بمبار نے مین گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا تاہم کوئیک ری ایکشن فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کے ساتھ آنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ابھی جاری ہے اور باقی ماندہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔
دروازے کے سامنے ایک دہشت گرد کی لاش اور اس کا ہتھیار بھی ضبط کر لیا گیا جو داخلی راستے سے داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کا دہشتگردی میں کردار بے نقاب! بھارت کیساتھ بڑھتے تعلقات نے خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ پیدا کر دیا
ایک ہفتہ قبل لیویز فورس نے ضلع زیارت میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران پانچ مشتبہ دہشت گردوں کو زندہ گرفتار کیا گیا، جن کا تعلق قندھار، افغانستان سے بتایا گیا۔
ضلع انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ آپریشن خالصتاً لیویز فورس کی انٹیلی جنس اور فیلڈ ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ ہے، جس میں ضلعی انتظامیہ کی حمایت بھی شامل تھی۔ گرفتار ملزمان کو سپیرا رغہ لیویز چیک پوسٹ کے قریب حراست میں لیا گیا۔





