پناہ گزینوں کے تمام فیصلے غیر معینہ مدت تک ملتوی رہ سکتے ہیں، امریکی صدر

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ تمام پناہ گزینوں کی درخواستوں پر فیصلے غیر معینہ مدت تک مؤخر رہ سکتے ہیں۔

صدر نے واضح کیا کہ اس معطلی کے لیے کوئی مقررہ وقت نہیں ہے اور یہ طویل بھی ہو سکتی ہے۔

ائیر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم ایسے لوگوں کو اپنے ملک میں نہیں چاہتے، ہمارے پاس پہلے ہی بہت سے مسائل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تیسری دنیا کے کچھ ممالک میں جرائم کی شرح زیادہ ہے اور وہ اپنے عوام کی دیکھ بھال بھی نہیں کر پاتے، ایسے افراد کی امریکہ کو ضرورت نہیں۔

اس موقع پر صدر ٹرمپ نے امریکی کانگریس کی پہلی صومالی نژاد رکن الہان عمر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

الہان عمر دو دہائی قبل بطور پناہ گزین امریکہ آئیں اور ٹرمپ ماضی میں بھی صومالیہ کے شہریوں کی ہجرت پر اعتراض کرتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ نے دو روز قبل پناہ گزینوں سے متعلق تمام فیصلوں کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد صدر ٹرمپ کی جانب سے غیر معینہ مدت کی معطلی کی وضاحت سامنے آئی ہے۔

Scroll to Top