ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے حوالے سے سلمان علی آغا نے بڑا اعلان کردیا

راولپنڈی: قومی ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ٹیم کی نظریں اب ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کی کامیابی پر ہیں اور کوشش ہے کہ اس ٹورنامنٹ کو یادگار بنایا جائے۔

سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ٹی20 سیریز کا فائنل جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ٹیم گزشتہ دو ماہ سے بہترین کرکٹ کھیل رہی ہے اور فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنا چاہتی ہے۔

سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ سیریز انتہائی اہم تھی، محمد نواز کی پرفارمنس اس وقت ملی جب ٹیم کو سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ کم بیک کے بعد وہ غیر معمولی فارم میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2026 ورلڈ کپ سے پہلے 15 کھلاڑیوں کا نیوکلیئر گروپ تیار کرنا ہدف تھا جو اب مکمل ہو گیا ہے۔

انہوں نے شاداب خان کی ٹیم میں ممکنہ واپسی کے بارے میں بھی عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرے گی۔

ٹرائی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے آل راؤنڈر محمد نواز نے کہا کہ ان کے لیے سب سے بڑی ترجیح یہی ہوتی ہے کہ وہ میچ کی ضرورت کے مطابق کردار ادا کریں۔

خوشی ہے کہ میری کارکردگی ٹیم کی جیت میں کام آئی، کوشش کرتا ہوں بیٹنگ اور بولنگ میں حالات کے مطابق ردّعمل دوں۔

یہ بھی پڑھیں : کپتانی کرنا آسان کام نہیں، زیادہ پریشر ہوتا ہے، سابق کرکٹر عبدالرزاق

دوسری جانب فائنل میں شکست کے بعد سری لنکن کپتان داسن شناکا نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم اسپن بولنگ کے خلاف جدوجہد کرتی رہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اچھی شروعات کی تھیں مگر اسپنرز کا سامنا مؤثر انداز میں نہیں کر سکے۔ کامل مشارا نے بہترین اننگز کھیلی لیکن مجموعی طور پر ہم بہتر کھیل پیش نہیں کر سکے۔

واضح رہے کہ سہ ملکی ٹی20 سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

Scroll to Top