اڈیالہ جیل میں آج ملاقاتوں کا دن، بانی پی ٹی آئی سے کون ملے گا؟ فہرست جیل حکام کے حوالے

عمران خان سے ملاقاتوں کا دن، وکلاء اور اہلِ خانہ کی فہرست جیل حکام کو ارسال، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی آمد متوقع۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی سے وکلاء، رہنماؤں اور اہلِ خانہ کی ملاقاتوں کا طے شدہ دن ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے چھ وکلاء رہنماؤں کی فہرست جیل انتظامیہ کو بھجوا دی گئی ہے، جنہیں آج ملاقات کی اجازت دی جائے گی۔

پارٹی کی جانب سے بھیجی گئی فہرست میں بیرسٹر گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ، سلمان صفدر، علی زمان، سردار نبی اور طلعت محمود کے نام شامل ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی آج اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے پہنچیں گی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی آمد بھی متوقع ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی بھی آج اڈیالہ جیل آمد متوقع ہے۔ ان کی متوقع آمد اور پی ٹی آئی کارکنان کی ممکنہ سرگرمیوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے۔دفعہ 144 کے تحت کسی بھی سیاسی یا مذہبی اجتماع پر مکمل پابندی عائد ہے۔

سکیورٹی ہائی الرٹ، اڈیالہ جیل کے اطراف سخت اقدامات اضافی سکیورٹی انتظامات کے تحت اڈیالہ جیل کے اطراف ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ جیل روڈ پر مزید پانچ اضافی ناکے قائم کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ سیکیورٹی پلان کے مطابق:

700 سے زائد پولیس اہلکار اور افسران تعینات ہوں گے۔
12 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور خواتین اہلکار بھی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔
اہلکار اینٹی رائٹ گیئر سے لیس ہوں گے۔
داہگل ناکہ، گیٹ نمبر 1، گیٹ نمبر 5، فیکٹری ناکہ اور گورکھپور پر اضافی نفری تعینات رہے گی۔
اڈیالہ روڈ پر کڑی چیکنگ کے بعد ہی گاڑیوں کو آگے بڑھنے کی اجازت دی جائے گی۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر سیکیورٹی کی نگرانی کریں گے۔

Scroll to Top