صوابی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے صوابی انٹرچینج پر جاری دھرنا ختم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 7 دسمبر کو پشاور میں عوامی پاور شو ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان پارٹی کی ہدایت پر صوابی انٹرچینجر پہنچے اور موٹروے کو بند کر کے احتجاج کیا۔
احتجاج میں پارٹی رہنما احمد خان نیازی بھی شریک ہوئے۔ کارکنان نے ریسٹ ایریا کے مقام پر موٹروے کو دونوں اطراف سے بند کیا اور ٹائر نذر آتش کیے۔
احتجاج کے باعث موٹروے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور ایمبولینسیں پھنسنے سے مریض بھی متاثر ہوئے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے احمد خان نیازی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ماہ سے ملاقاتوں پر پابندی غیر قانونی تھی، اور احتجاج کے نتیجے میں آج بانی کو بہن سے ملاقات کی اجازت دی گئی۔
بعد ازاں پی ٹی آئی قیادت نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد کارکنان نے موٹروے کھول دی اور منتشر ہو گئے۔
احمد خان نیازی نے اعلان کیا کہ 7 دسمبر کو پشاور میں پی ٹی آئی عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کارکنان نےپشاور اسلام آباد موٹروے بند کردی،مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا
دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے صوابی انٹرچینج پر پشاور-اسلام آباد موٹروے کو بند کر دیا تھا جس کی وجہ سے مسافر دونوں اطراف میں پھنس گئے اور شدید مشکلات کا سامنا کر رہے تھے ۔
مسافروں نے پختون ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صبح سے سڑک پر پھنسے ہوئے ہیں اور موٹروے کی بندش کی وجہ سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
پی ٹی آئی کارکنان نے سواتی ضلع میں موٹروے پر احتجاجی ریلی کی جس میں ان کا مطالبہ تھا کہ قید پی ٹی آئی بانی عمران خان اور پارٹی رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے ساتھ ساتھ عمران خان کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کروائی جائے۔
اس سے قبل احمد نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھاکہ آج کا احتجاج بانیِ پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہے۔





