پی سی بی نے لندن میں پی ایس ایل روڈ شو کا اعلان کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ 7 دسمبر کو لندن میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا روڈ شو منعقد کیا جائے گا۔

اس روڈ شو میں عالمی سرمایہ کار، کمرشل پارٹنرز اور شائقین کی شرکت متوقع ہے، جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کو بیچنے کی تیاریاں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ان نئی ٹیموں میں برطانوی سرمایہ کاروں کی خاص دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔

پی سی بی کے مطابق لندن روڈ شو کا مقصد لیگ کا وژن، کمرشل ماڈل اور مستقبل کی حکمت عملی کو متعارف کرانا ہے۔

ایونٹ میں پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی اور فاسٹ بولر حارث رؤف کی شرکت کا بھی امکان ہے، جو شائقین اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش عنصر ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ لارڈز میں روڈ شو پاکستان کرکٹ کی عالمی شناخت کا ثبوت ہے۔ لندن کا یہ روڈ شو ایچ بی ایل پی ایس ایل کی بین الاقوامی اپیل کو مزید فروغ دے گا۔

اسی حوالے سے سی ای او ایچ بی ایل پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ پاکستانی لیگ نہ صرف عالمی سطح پر مضبوط فالوونگ رکھتی ہے بلکہ اس کی کمرشل ویلیو بھی روز بروز بڑھ رہی ہے۔ دو نئی ٹیموں کے اضافے سے سرمایہ کاروں کے لیے مزید بڑے مواقع پیدا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر آبپاشی کی عوامی ملاقات میں غیر متوقع اقدامات اور بڑا اعلان سامنے آ گیا

پی سی بی کے مطابق اس ایونٹ میں 30 سپر فینز کو خصوصی شرکت کا موقع دیا جائے گا اور ٹکٹ حاصل کرنے کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شامل ہے اور اس کے ذریعے پاکستان کرکٹ کی بین الاقوامی ساکھ مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔

Scroll to Top