سلمان آغا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رہیں گے، پی سی بی

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان آغا کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک کپتانی جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام سلمان آغا کے قیادت کرنے کے انداز اور ٹیم کی کارکردگی سے خاص طور پر متاثر ہیں، جس کی وجہ سے کسی تبدیلی کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان آغا کی قیادت میں ٹیم کی فائٹنگ اسپرٹ نمایاں طور پر بہتر ہوئی ہے اور کھلاڑی یکجا ہو کر کھیلتے دکھائی دے رہے ہیں، جو ماضی میں اس سطح پر نہیں دیکھا گیا تھا۔

حکام کا ماننا ہے کہ سلمان آغا کی قائدانہ صلاحیتوں نے ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا ہے، اور اسی بنیاد پر انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سلمان آغا نے اب تک اپنے کیریئر کے 40 میں سے 38 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بطور کپتان کھیل رکھے ہیں، جن میں 23 فتوحات شامل ہیں۔

اس کارکردگی کی بدولت وہ ملک کے تیسرے کامیاب ترین ٹی ٹوئنٹی کپتان بن گئے ہیں، جب کہ بابر اعظم کی قیادت میں ٹیم نے 48 اور سرفراز احمد کی قیادت میں 29 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی سی بی نے لندن میں پی ایس ایل روڈ شو کا اعلان کر دیا

قریب حال میں راولپنڈی میں ہونے والی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی پاکستان نے سلمان آغا کی قیادت میں شاندار کھیل پیش کیا اور ٹرافی اپنے نام کی، جس سے حکام کی جانب سے ان کی تعریف اور اعتماد میں اضافہ ہوا۔

پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ نہ صرف ٹیم کی تسلسل اور اعتماد کے لیے اہم ہے بلکہ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایک مستحکم قیادت فراہم کرنے کا بھی مقصد رکھتا ہے۔

Scroll to Top